غزہ پر حملوں کے 732 دن، مسجد اقصیٰ میں یہودی عبادت
اہل غزہ پر قیامت خیز 732 واں خونی دن ، مغربی کنارے اور بیت المقدس پر کارروائیاں جاری شعور نیوز ( غز ہ ویب ڈیسک): عالمی نشریاتی ادارے کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے نئے حملوں میں کم از کم آٹھ فلسطینی ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے ہیں۔مصر کے شرم الشیخ میں امریکی نکات پر مذاکرات کے باوجود ناپاک اسرائیل نے قتل عام کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔7اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں کم از کم 67,183 افراد شہید اور 169,841 زخمی ہو چکے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ مزید ہزاروں افراد تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی قابض فوج (IOF) نے بدھ کی صبح مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران متعدد فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔گھروں پر چھاپوں کے بعد 50 سے زائد شہریوں کو حراست میں لے لیا۔آنکھوں پر پٹی باندھی ہتھکڑیاں لگائیں، پھر انہیں عروب سوشل یوتھ سینٹر میں لے جایا گیا، رہائی سے قبل ان سے طویل پوچھ گچھ کی گئی۔اسرائیلی فوجیوں نے پناہ گزین کیمپ میں ایک مسجد سے نکلنے کے بعد شہریوں پر فائرنگ بھی کی اور ان میں سے متعدد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔بدھ ہی کی صبح مقبوضہ بیت المقدس میں درجنوں صہیونی آبادکاروں نے قابض اسرائیلی فوج کی سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ کے صحن پر دھاوا بول دیا۔ یہ اشتعال انگیز یلغار یہودیوں کے نام نہاد مذہبی تہوار “عید العرش” کے دوسرے روز کی گئی۔اس جارحانہ کارروائی میں اسرائیل کا انتہاپسند وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن گویر خود پیش پیش تھا۔ صہیونیوں نے باب المغاربہ کے راستے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر اشتعال انگیز گشت کیے اور تلمودی رسومات ادا کیں۔